مشکا پنڈاسی مچھلی-Atlantic Croaker Fish

مشکا کے متعلق دلچسپ معلومات:
- مشکا کو ہارڈ ہیڈز (Hard Head)بھی کہا جاتا ہے۔ چھوٹے مشکا کو پن ہیڈ (Pin Head)کہا جاتا ہے۔
- یہ مچھلیاں تفریحی اینگلرز یا نئے شکاریوں میں بہت مقبول ہیں۔
- مشکا ڈرم خاندان کارکن ہیں ، جس میں سپاٹ ، سرخ ڈرم ، سیاہ ڈرم اور سپاٹ سیٹر آؤٹ شامل ہیں۔ تمام ڈرم خاص عضلات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے تیرنے والے مثانے کو ہلا کر تیز ڈھول یا کروکنگ آواز بنانے کے قابل ہیں۔ مشکا ان تمام مچھلیوں میں سب سے زیادہ زور دار آواز پیدا کرتی ہے ۔
مشکا مچھلی ایک نہایت نازک مچھلی ہے اور ذائقہ میں اپنا الگ معیار رکھتی ہے۔ مشکا مینگروز ، لسے، گھپ یعنی کیچڑ نما جگہوں پر اور پسر ماڑی جہاں چھوٹے چھوٹے پتھر ہوں وہاں پائی جاتی ہے۔ اسکی پسندیدہ خوراک جھینگا اور میہ ہے۔ مشکا کا سیزن دسمبر سے فروری کے آخر تک ہوتا ہے اور تمام شکاری حضرات اس دوران بڑی دلچسپی سے مشکا کا شکار کر تے ہیں۔ اینگلرز موسم بہار سے موسم خزاں تک سمندر کے نچلے حصے یا پٹ میں ہلکے ٹیکل یا آلات اور قدرتی چارے جیسے جھینگے، سیپی، کیچوے اور میہ سے شکار کرتے ہیں ۔اسکا شکار چینل میں یا گہرے کھڈوں یا لسے میں پانی کے چڑھاؤ یا اتار سے پہلے یا بعد کے اوقات میں بھرپور ہوتا ہے۔
مشکا مچھلی کی ڈوری بنانے کا طریقہ:
مشکا کی لائن منحصر کرتی ہے مشکا کے سائز پر۔ 18 پاؤنڈ سے 25 پاؤنڈ کی لائن استعمال کریں۔لنگڑی ڈور یعنی وزن ہمیشہ نیچے لگائیں اور ہک اوپر کی جانب وزن سے فاصلہ “10 سے “12 انچ رکھیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مشکا کا شکار لسے یا گھپ کے مقام پہ ہی کیا جاتا ہے اور ہمارا وزن گھپ میں “8سے “10 انچ بیٹھ جاتا ہے اور چارا سطح سے اوپر رہتا ہے جس سے مشکا بآسانی ہک ہو جاتا ہے۔
مشکا مچھلی کےشکار کا طریقہ:
مشکا کا شکار ایک نہایت ہی مشکل شکار ہے اس کی وجہ ہماری کچھ مخصوص غلطیاں ہیں۔ عموماً دیکھا گیا ہے کہ جب مشکا کا شکار کرتے ہیں تو گھینگڑے اور پالڑی مچھلی زیادہ تنگ کرتی ہیں۔ ان سے بچنے کے لیےسب سے پہلے غلطیاں درست کریں۔14، 13، 12 نمبر کا ہک یا کانٹا استعمال نہ کریں اور چارے کا پیس چوکور شکل میں نہ لگائیں۔ مشکا کھیلنے کے لیے ہمیشہ ہک 8 یا 10نمبر استعمال کریں اور چارے کے طور پہ میہ استعمال کریں میہ کا پیس لمبائی میں ہونا چاہیے تقریباً “3 انچ جسے آپ آدھا ہک میں لگائیں اور باقی حصہ لہراتا چھوڑ دیں اور یہ ہی وہ حصہ ہے جو مشکا کو ااپنی جانب راغب کرتا ہے۔ جیسا کہ مشکا ایک نازک مچھلی ہے اس لیے شکار کے آدھا گھنٹہ کے اندر اسے سیدھا رکھ کر برف لگا دیں اور یاد رہے اس پر ضرورت سے زیادہ وزن نہ رکھیں ورنہ یہ نرم اور خراب ہو سکتی ہے۔