تارو شکار کے متعلق تمام بنیادی معلومات
تارو (Flat Line) شکار کی تعریف
تارو عام طور پر مچھلی کے شکار کے لیے استعمال ہونے والی خاص طرز پر بنائی گئی ڈوری کو کہا جاتا ہے لیکن آج ہم جس تارو کی بات کر رہے ہیں وہ مچھلی کے شکار کے خاص طریقے کو کہا جاتا ہے۔ تارو کا موسم کراچی میں کوئٹہ کی ہوا چلنے کے بعد عموماً نومبر سے جنوری کے مہینے تک ہوتا ہے جب موسم قدرے ٹھنڈا ہو جاتا ہے اور پانی کا درجہ حرارت 24 ڈگری یا اس سے کم ہوجائے۔ تارو خاص طور پر سرمئی کے شکار کے لیے کھیلا جاتا ہے، جبکہ اس میں عام طور پر کچھ اوپر کی مچھلیوں کا، جیسے کہ آبڑوس،سنگرا، مُلا، سارم اور کُندو غیرہ کا شکار بھی ہوتا ہے۔ اگر پانی کا کرنٹ کم ہو اور ڈور تہہ میں بیٹھ جائے یا شکاری خود باٹم کا شکار کھیلے تو گھسر کا شکار بھی ممکن ہے۔
تارو کے ذریعےشکار کی جانے والی مچھلیوں کی اقسام
آبڑوس (Mahi Mahi) | سنگرا (Cobia) |
مُلا (Emperor) | کُند (Barracuda) |
گھسر(Grouper) | سرمئی( King Mackerel) |
تارو کے شکار کا بہترین وقت
تارو شکار کے لیے صبح کی روشنی سے پہلے نکل جائیں اور جتنی جلدی ہو سکے شکار کے پوائنٹ پر پہنچ جائیں۔ تارو عموماً صبح سورج نکلنے سے شام سورج غروب ہونے تک کھیلا جاتا ہے۔ تارو کے شکار میں کشتی ایک جگہ لنگر انداز یا اینکر کرنے کے بعد ہٹائی نہیں جاتی بلکہ صرف شکار سے واپسی کے وقت ہی لنگر نکالا جاتا ہے۔
چارے کی اقسام اور استعمال
تارو میں سب سے اہم چیز چارہ ہوتا ہے:
لوئر مچھلی (Sardine) | بانگڑہ مچھلی (Indian Mackerel) |
چند مچھلی(Ribbon Fish) | کلری مچھلی(Silver Bar) |
چارہ بالکل تازہ ہونا ضروری ہے کیونکہ چارہ جتنا زیادہ پُرانا ہو گا، اتنا ہی خراب نتیجہ ملے گا۔ عام طور پر مندرجہ بالا چارہ استعمال ہوتا ہے لیکن سب سے اچھے نتائج بانگڑہ پر ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔ چارے کا استعمال دو مقاصد کے لیے ہوتا ہے:
- چھٹ کرنے کے لیے: چارے کو ہاتھوں سے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے یا اسے برتن میں پیس کر پانی میں ڈالنے کو چھٹ کہتے ہیں۔ چھٹ کی لیے عموماً درجہ دوم کا چارہ استعمال کیا جاتا ہےلیکن اگر درجہ اول کا چارہ استعمال کیا جائے تو نتائج بہت بہترین ہوسکتے ہیں۔ پورے دن کے شکار کے لیے کم از کم10 کلواور زیادہ سے زیادہ 40 کلو تک کا چارہ استعمال ہوتا ہے۔ چھٹ کا سائز پانی میں کرنٹ پر منحصر کرتا ہے۔ اگر کرنٹ زیادہ ہے تو چھٹ کا سائز بڑا رکھیں تاکہ وہ وزن کی وجہ سے گہرائی میں جاسکے اور اگر کرنٹ نارمل ہے یا بالکل کم ہے تو پھر باریک اور پسی ہوئی چھٹ کریں۔ تقریبا 10 کلو تک کے چارےکی 3 سے 4 گھنٹے میں چھٹ کی جاتی ہے اور اسی حساب سے اگر شکار دن بھر کا ہو تو 40 کلو تک چارہ درکار ہوتا ہے۔
- کانٹے میں لگانے کے لیے: کانٹے میں لگانے کے کئی طریقے ہیں جن میں سے درج ذیل کافی مؤثر ہیں۔
چارہ لگانے کے طریقے
1-ثابت بانگڑہ لگا کر 2-سیدھی اور الٹی کتاب کی صورت میں 3-برفی کی صورت میں
4- لڈو کی صورت میں 5-کیک کی صورت میں
ان تمام طریقوں کو ویڈیو کے ذریعے سمجھنا نہایت آسان ہوگا ۔ ان کی تفصیلی ویڈیوز ہمارے یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔ تارو کے شکار کے وران اگر ڈور پر اسٹرائک یا چال نہ ہو رہی ہو تو 40 سے 50 منٹ بعد چارہ تبدیل کریں اور چھٹ مسلسل جاری رکھیں۔
تارو کے شکار کےلیے درکار سازوسامان
- ڈور یا لائن: 60 سے 80 پاؤنڈ کی مونو فلامنٹ یا بریڈڈ لائن استعمال کرنا چاہئے۔ تاکہ اگر اسٹرائیک ہو تو شکار ضائع نہ ہو۔
- کانٹے: کراچی میں 6نمبر J-Hook یا8نمبر کا Circle Hook اور بلوچستان میں ( پسنی، ارماڑہ، گوادر ) 8نمبر جے ہک اور 6 نمبر سرکل ہک استعمال ہوتا ہے۔
- لیڈر وائریا پوتا: کم از کم 35 سے 40 پاؤنڈ کی سافٹ لیڈر اسٹیل وائر 2 فٹ لمبائی۔ کیونکہ بانگڑہ کو جب کنڈے میں پروتے ہیں تو کم از کم 6 انچ وائر استعمال ہوجاتی ہی اور 10 سے 12 کلو کے سرمئی کو چارہ کو مکمل نگلنے کے لیے منہ سے پیٹ تک 1.5 فٹ کی وائر درکار ہوتی ہے۔
- پٹی وزن: کانٹے سے ایک وام اوپر لگائیں۔ پٹی وزن کا سائز کرنٹ کی مناسبت سے رکھا جانا لازمی ہے۔ کم کرنٹ کم وزن اور زیادہ کرنٹ کے لیے مناسب بھاری وزن۔
- گج یا بویا(Fishing Float): ڈور کو مطلوبہ وام تک پانی میں چھوڑنے کے بعد اس کے آگے گج یا بویا لگانے کے بعد ڈوری کشتی سے دور تک جاسکتی ہے۔
- ریل اور راڈ: تارو ریل اور راڈ سے بھی کھیلا جاسکتا ہے اور ہینڈ لائن کی بہ نسبت ریل راڈ سے اسٹرائیک مس ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ ریل اور راڈ کے ساتھ 40 پاؤنڈ کی لائن استعمال ہوتی ہے۔
لائن بنانے کا طریقہ
کانٹے کو تقریباً 1.5سے 2فٹ اسٹیل وائر سے عام لائن کی طرح باندھیں۔ مین لائن کو اس سے جوڑیں اور پٹی وزن کو کانٹے سے ایک وام اوپر لگائیں۔ وام: اپنے دونوں ہاتھوں کو مخالف سمت میں سیدھا کرنے کے بعد ایک ہاتھ کی انگلیوں سے دوسرے ہاتھ کی انگلیوں تک کا فاصلہ ایک وام کہلاتا ہے۔
تارو کے شکار کےلیے درکار سازوسامان
Monocarbon Line 35lb | 30lb Soft Leader Wireنائیلون کوٹڈ اسٹیل وائر |
J-Hooks | Circle Hooks |
گج یا بویا Fishing Floats | Leader Wire with Swirl |
پٹی وزن- Strip Weight | ریل اور راڈ- Reel and Rod |
تارو کے شکار کے اہم اصول
- کشتی اینکر کرنے کے فوراً بعد پانی کی گہرائی ناپیں۔ وزن کو ڈوری کے ساتھ باندھ کر پانی میں پھینکیں اور جب وہ تہہ میں بیٹھ جائے تو ڈوری نکالتے ہوئے وام گنتے ہوئے پانی کی گہرائی ماپیں۔
- کم از کم 4 ڈوریاں مختلف وام پر پانی میں ڈالیں۔ مثلا پہلی ڈوری کم از کم باٹم سے 2 وام پر، دوسری 3 وام پر، باقی 4 اور 5 وام پر ڈالیں۔
- اگر کرنٹ زیادہ ہو تو ڈور کی لمبائی بڑھا دیں تاکہ وہ مطلوبہ گہرائی تک پہنچ سکے۔ لیکن احتیاط رکھیں کہ وہ باٹم کے بہت قریب نہ ہو ورنہ ڈور پھنسنے کا خدشہ ہوگا۔
اضافی مشورے اور اقدامات
- کرنٹ کی سمت جانچیں: شکار شروع کرنے سے پہلے پانی کے کرنٹ کی سمت اور رفتار کا اندازہ لگائیں۔ یہ معلومات ڈور پھینکنے اور گہرائی طے کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
- ماحولیاتی حالات: موسم، ہوا کی شدت، اور سمندر کی سطح کو مدنظر رکھیں۔ خراب موسم میں شکار سے گریز کریں۔ ( مزید معلومات اور حالیہ فشنگ رپورٹس کے لیے ہمارا وٹس اپ گروپ جوائن کریں)۔
- کشتی کا سامان: کشتی میں اضافی اینکر، رسی، اور حفاظتی جیکٹ، فرسٹ ایڈ باکس لازمی رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جا سکے۔
- چارے کومحفوظ رکھیں: چارے کو پلاسٹک ایئر ٹائٹ بیگ میں ڈالکر آئس باکس میں رکھیں۔ پہلے برف کی تہہ لگائیں پھر چارے والا بیگ رکھیں پھر برف کی تہہ اور پھر چارے کی تہہ اور آخر میں سب سے اوپر برف۔ اسی طریقے سے تمام چارہ محفوظ کر لیں تاکہ جب چارہ استعمال کے لیے نکالا جائے تو وہ دیر تک تازہ رہے۔
- تازہ پانی اور خوراک: شکار کے دوران اپنی توانائی برقرار رکھنے کے لیے پانی اور کھانے کا مناسب انتظام کریں۔
- ٹیم ورک: ٹیم کے تمام افراد کے کام اور ذمہ داریوں کو واضح کریں تاکہ شکار کے دوران ہم آہنگی برقرار رہے۔ عموما ایک ممبر کی ذمہ داری صرف چھٹ کرنا ہوتی ہے کیونکہ یہ مسلسل کیا جانے والا کام ہے۔
- آلات کی تیاری: لیڈر وائر یا پوتا پہلے سےبناکر تیار رکھیں تاکہ شکار کے وقت اگر ڈور کٹ جائے تو نئی ڈور بنانے میں وقت ضائع نہ ہو۔ اسی طرح آنکٹرہ یا مچھلی نکالنے والا ہک لازمی تیار رکھیں تاکہ برقت ماہر ممبر یا ناکوا مچھلی کو پانی سے ہک کر کے نکال سکے اور مچھلی ضائع نہ ہوجائے جو کہ اکثر و بیشتر دیکھنے میں آتا ہے۔
اسٹرائک کی صورت میں احتیاط
اگر کسی ڈور پر اسٹرائک ہو تو باقی شکاری اپنی ڈوریاں فوراً لپیٹ لیں تاکہ مچھلی اگر کشتی کے گرد گھومے تو ڈوریاں آپس میں نہ الجھیں۔ اس سے اسٹرائک کے ضائع ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ باقی شکاری اطمینان کا مظاہرہ کریں اور بدحواس نہ ہوں تاکہ جو شکاری اس وقت کھیل رہا ہے وہ اپنے حواس میں رہے اور جلد بازی میں غلطی کرکے مچھلی ضائع نہ کردے۔ خاص طور پر جب کھیلنے والا شکاری نیا ہو یہ بڑی مچھلی لگ جائے۔ ایسی صورت میں کسی ماہر شکاری کو شکار کھیلنے دیں تاکہ مچھلی ضائع ہونے کا افسوس نہ رہے۔
Angler Shan Star with King Mackerel | Angler Ali Akber Marlin |
ہم نے کیا سیکھا؟
امید ہے کہ آپ کو یہ تحریر پسند آئی ہوگی اور آپکی معلومات میں یقینا اضافے کا باعث بنی ہوگی۔اس تحریر کے لیے میں اپنے قابل قدر دوستوں اور سینئرز کا بے حد مشکور ہوں جنکی رہنمائی اور معلومات کی بدولت یہ لکھنا ممکن ہوئی جن میں خاص طور پر پر یاسر جلال بھائی، عمیر اویس بھائی، عبدالقادر، عبیدبھائی ،جمشید بھائی اور دوسرے احباب شامل ہیں ۔
امید ہے کہ آپ کو یہ کاوش پسندآئی ہوگی اور اسے پڑھنے کے بعد آپکی معلومات میں اضافہ ہوا ہوگا۔ یہ تمام معلومات مختلف سینئر شکاریوں کے تجربے اور مشاہدے کی بنیاد پر جمع کی گئی ہیں اور یقینی طور پر اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اوراس سلسلے میں مفید آراء اور مشورے کو تہہ دل سے سراہا جا ئے گا۔ شکریہ
مزید معلومات اور رابطے کی لیے :