مُلّا یا مُرلا مچھلی-Emperors Fish

تعریف و معلومات:

مُلّا ۔۔یا مُرلامچھلی ہمارے سمندروں میں پائی جانے والی مچھلیوں میں پسندیدہ ترین مچھلیوں میں سے ایک ہے۔ یہ Emperors or Scavengersخاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ ہمارے پانیوں میں  اسکی زیادہ تر 2 اقسام پائی جاتی ہیں Spangled & Grass Emperor۔ یہ گہرے سمندر اور وریل یا چٹانوں کے قریب تقریبا  10 سے 80میٹر تک کی گہرائی میں  زیادہ تر مرجان اور پتھریلی چٹان، سمندری گھاس کی چادر، مینگروز  کے دلدل اور ریتیلی تہوں میں پائی جاتی ہے۔ یہ اپنی پیدائش کی جگہ سے دوسری بہت سی اقسام کی مچھلیوں کے برخلاف  ہجرت نہیں کرتی اور اسی جگہ قیام پزیر رہتی ہیں۔  یہ زیادہ تر غول یا جُھنڈ  کی صورت میں ہوتی ہیں۔

مُلا یا مُرلا پہچان و خوراک:

 انکے سامنے اور داڑھ کےدانت انتہائی سخت   اور گالوں پر چھلے نہیں ہوتے۔ یہ گوشت خور مچھلی ہے اور زیادہ تر تہہ میں خوراک کرتی ہےاور  رات میں شکار کے لئے انکی آنکھیں بڑی ہوجاتی ہیں۔ انکی خوراک  زیادہ تر  گونگے، ستارہ مچھلی،  سمندری کیڑے اور چھوٹی مچھلیاں ہوتی ہیں۔ اسکے علاوہ یہ میہ ، کیکڑے، آکٹوپس، مونگے، جھینگے بھی کھاتی ہیں۔

افزائش نسل و نشوونما:

اسکی عمر تقریبا 30 سال تک یااس سے زائد عمر تک ہوسکتی ہے۔  اسکا  زیادہ سے زیادہ وزن تقریبا 9 کلو جبکہ لمبائی 30 سے 40 سینٹی میٹر( زیادہ سے زیادہ 80 سینٹی میٹر) تک ہوتی ہے ۔   یہ مچھلی  اپنی جنس  اور اپنے بدن کا رنگ تبدیل کرسکتی ہے۔ کسی خوف یا ڈر کی  وجہ سے  یہ اپنے بدن پر براؤن رنگ کی دھاریاں  نمودار کرلیتی ہے جس کی وجہ سے اسے شکار کرنے والی مچھلی یا جاندار کو اسے پہچاننے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا رنگ پانی میں ایک طرح کا جبکہ پانی سے نکالے جانے پر لمحوں میں تبدیل ہوکر دوسری رنگت کا ہوجاتا ہے۔ اس  خصوصیت کی بنا پر اسکی  مختلف اقسام میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اسے دوسرے ناموں سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ جن  میں North West snapper, Green Snapper ,Sand Bream, Sand Snapper, Yellow Sweetlip, Yellow Emperor زیادہ عام و مقبول ہیں۔

مقام و جائے وقوع:

کیماڑی (9 میل، چائنہ پورٹ، منوڑہ والی )، عبدالرحمان گوٹھ(چکول،  میٹنگ، وریل)، مبارک ویلج،  سنہرا کے پوائنٹ

پانی میں وقوع:پانی کی تہہ میں  کم از کم 1 وام  سے 2 وام پر۔

لائن/ڈوری: 25     سے35 پاؤنڈ(lb)

ہک/کنڈے:11/08نمبر کے Hook  مطلوبہ حجم کی مچھلی کے شکار کے حساب سے۔

وزن:   گولی یا پٹی وزن پانی میں کرنٹ کے مطابق

چارہ:    زندہ میہ، لوئر،   جھینگا، بوئی  اور میہ کی پٹی پر بہترین اسٹرائیک  اور نتائج کے لیے۔

ڈوری بنانے  اور شکار کا طریقہ:

  • شکاریوں کے لیے اس مچھلی کا شکار انتہائی دلچسپ ہوتا ہے کیونکہ یہ زور لگانے میں کافی جاندار ثابت ہوتی ہے اور اسکے شکار میں کافی مزہ آتا ہے۔ اسے ٹرالنگ اور باٹم یا پٹ، دونوں پر کھیلا جاتا ہے ۔ ملا مچھلی کو ٹارگٹ کرنے کے ہمارے ہاں دو طریقے استعمال کئے جاتے ہیں۔ ایک میں پٹی وزن استعمال کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے طریقے میں گولی وزن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
  • باٹم پر شکار کے لیے کم سے کم 8نمبر J-Hook کانٹا  یااس سے تھوڑا  چھوٹا   ہو تو زیادہ اچھا ہے ۔
  • مُلا مچھلی کیلئے ڈور عام ڈور کی طرح ہی بنائی جاتی ہے مگر اس میں پوتا یا پودا بڑا رکھنا پڑتا ہے۔
  • ہینڈ لائن کے لیےکم از کم 25  سے 30پاؤنڈ کی   برانڈڈ لائن اور پوتا یا پودا  یعنی وزن سے کنڈے تک کا فاصلہ تقریبا 5٫5 فٹ یا ایک وام تک رکھا جاتا ہے ۔ تجربہ کار شکاریوں کے بقول ایک وام کا پوتا یا پودا، مُلا مچھلی کیلئے بہترین شمار کیا جاتا ہے ۔
  • پانی کے کرنٹ کے حساب سے گولی وزن ڈالیں یا پٹی وزن لگائیں ۔
  • اگر آپ گولی وزن لگا رہے ہیں تو گولی کو فری رکھیں اسے پٹی سے مت روکیں۔ اگر اس طرح آپ کو چال سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے تو گولی کو ایک وام پر رکھ کر بہت چھوٹی پٹی سے گولی کو روک لیں۔ یہ بات دھیان میں رکھیں کہ بڑا مُلا ہلکے وزن والی ڈور کو جلدی اُٹھاتا ہے  یعنی اس پر اسٹرائیک کرتا ہے، لہٰذا آپ کی پٹی اور گولی  وزن دونوں عام روٹین سے تھوڑے کم وزن کی ہونی چاہئے۔
  • اگر آپ گولی کو بغیر روکے استعمال کریں گے تو اس ڈور یا لائن کو پانی میں پھینکنے کا بھی ایک خاص طریقہ ہے۔پانی کا کرنٹ چیک کریں کہ کس طرف جارہا ہے پھر اس کرنٹ کی مخالف سمت میں ڈور کو پھینکیں ،مثلا اگر کرنٹ سیدھے ہاتھ کی جانب ہے تو آپ ڈور الٹی جانب  پھینکیں اسطرح گولی نیچے جاکر آپکے پوتے یا پودے کو بڑا کرے گی اور الجھے گی نہیں۔
  • مُلا کا پسندیدہ چارہ میہ ہے۔ بہترین نتائج کے لیےتازہ  میہ کے لمبے  لمبےپیس  کاٹ کر کنڈےپر اسکا 25 فیصد یا ایک تہائی حصہ لگا کر باقی75 فیصد یا دو تہائی  میہ لہراتا ہوا چھوڑ دیا جاتا ہے۔
  • تازہ چارہ (بانگڑہ ،میہ ، جھینگا یا لوئر وغیرہ ) لگا کر ڈور کو باٹم یا پٹ تک جانے دیں۔باٹم ٹچ ہوتے ہی ڈور کو تھوڑا کھینچ لیں۔ اگر اسٹرائیک ہو جائے تو ڈورکم از کم ایک وام لازمی کھینچ لیں  کیونکہ مُلا کانٹے میں پھنستے ہی نیچے کی جانب بھرپور زور لگاتا ہے اور اگر چٹانوں کے قریب ہو تو یہ آپکی ڈور کو  چٹان سے رگڑ دینے  کی بعد توڑنے کی کوشش کرتا ہے اور اکثر اسی وجہ سے مچھلی ضائع ہوجاتی ہے۔ مُلا لگتے ہی احتیاط سے اسے کھینچتے ہوئے اوپر لائیں اور جلد بازی سےسخت پرہیز کریں۔
  • شکار سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ہر قسم کی ڈور الگ الگ تیار رکھنا چاہئے۔تاکہ ڈور بنانے میں وقت ضائع نہ ہو۔بعض اوقات مچھلی دس منٹ میں ہی بھاگ جاتی ہے خاص طور پر جب نیچے مچھلی جُھنڈ کی صورت میں جمع نہ ہوئی ہو۔جب شکار جھنڈ کی شکل میں موجود ہو تو  اصل مہارت یہی ہے کہ اینگلرکس طرح مچھلی کو کشتی کے نیچے روکے رکھتا  ہے۔

نوٹ: چھوٹی مُلا مچھلی عام ڈور پر کسی بھی چارے پر لگ جاتی ہے۔ درج بالا  معلومات خاص طورپر بڑی مچھلی کے شکار کے لیے ہے۔

یہ مچھلی اکثر  صبح سورج نکلنے سے پہلے (سنجارے) اور غروب آفتاب کے وقت خوراک کرتی ہے اور ان اوقات میں اس کا شکار  کا موقع بھرپور ہوتا ہے۔

ٹرالنگ کے ذریعے شکار کا طریقہ:

ٹرالنگ کے ذریعے مُلا کا شکار بہت ہی عمدہ رہتا ہے کیونکہ یہ ایک فا ئیٹنگ فش ہے۔ ٹرالنگ کے لیے زیادہ تر نرم پلاسٹک اور عام لوئرز استعمال کیا جاتاہے۔ لا ئن تقریبا  35 سے 40پا ؤنڈ اور ٹرالنگ ریل کسی بھی اچھی برانڈ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ کشتی کی اسپیڈتقریبا  5 سے 6 ناٹ (Knot)تک ہونی چاہیے ۔ٹرالنگ پر زیادہ تر یہ چرنا کی پہاڑی کے آس پاس والے پوا ئنٹس پر لگتی ہے ۔  اسکے علاوہ کیماڑی میں بریک واٹر پر منوڑہ والی جانب اور 9 وام یا اسکے آگے کے پوا ئنٹس پر بھی بھرپور لگتی ہے۔  ٹرالنگ کے متعلق مکمل طریقہ کار اور تفصیل اسی سلسلے کی تحریر میں موجود ہے جسکا مطالعہ یقینا بہت مفید رہے گا۔

مُلا یا مُرلا کی دو اقسام میں فرق

بُھورا یا براؤن  مُلا

Grass Emperor (Lethrinus laticaudis)

سنہرا نیلی دھاری دار مُلا

Spangled Emperor (Lethrinus nebulosus)

  لمبائی: تقریبا 35-70   سینٹی میٹر تک

  وزن: زیادہ سے زیادہ  6کلو تک

  رنگ:  ۔ بُھورے سے پیلا رنگ پر سیال دھبے۔ چھلکوں کے درمیان واضح کالے دھبے۔ گالوں پر نیلے دھبے اور آنکھوں سے باہر کی جانب نیلی دھاریاں۔کبھی کبھی آنکھوں کے درمیان کراس نیلی دھاریاں اور بھورے رنگ کےپنکھ ہوتے ہیں۔

  اسکا منُہ نوکدار اور نسبتا لمبا جبکہ سامنے سے ہلکا کھلا ہوا ہوتا ہے جس پر چھلکے نہیں ہوتے۔ہُونٹ نرم اور ان پر گوشت ہوتا ہے۔

  اسکے کمر پر 9 کانٹوں والا پَر  جبکہ نیچے کی جانب 8 کانٹوں والا پر ہوتا ہے۔

  سطح سمندر سے تقریبا5 سے 35 میٹر تک کی گہرائی اور چٹانوں کے گرد مرجان اور پتھریلی چٹان، سمندری گھاس کی چادر، مینگروز  کے دلدل اور ریتیلی تہوں میں پائی جاتی ہے۔اسکا شکار زیادہ تر ہینڈ لائین سے اور ٹرالنگ کے ذریعے  کیا جاتا ہے۔

  لمبائی: تقریبا 35-80   سینٹی میٹر تک

  وزن: زیادہ سے زیادہ  8کلو تک

   رنگ:  ۔ رنگ سنہری پیلا ، منہ اور آنکھ کے درمیاں3 واضح  نیلی دھاریاں۔چھلکوں کے درمیان نیلے دھبے اور پیلے رنگ کی دم اور پنکھ ہوتے ہیں۔

  اسکا منُہ نوکدار اور نسبتا لمبا جبکہ سامنے سے ہلکا کھلا ہوا ہوتا ہے جس پر چھلکے نہیں ہوتے۔ہُونٹ نرم اور ان پر گوشت ہوتا ہے۔

  اسکے کمر پر 9 کانٹوں والا پَر  جبکہ نیچے کی جانب 8 کانٹوں والا پر ہوتا ہے۔

  سطح سمندر سے تقریبا25 سے 80 میٹر تک کی گہرائی اور چٹانوں کے گرد مرجان اور پتھریلی چٹان، سمندری گھاس کی چادر، مینگروز  کے دلدل اور ریتیلی تہوں میں پائی جاتی ہے

 اسکا شکار ہینڈ لائین اور ٹرالنگ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

مُلا یا مُرلا کی ڈور بنانے میں درکار ضروری اشیاء  :

گولی وزن پٹی وزن
ملا کے لیے کنڈا- برانڈڈ لائن یا ڈوری-

دونوں ہاتھوں کو مکمل  مخالف سمت میں سیدھا کھولنے کے بعد انکے درمیانی فاصلے کو ایک وام کہتے ہیں۔

ملا مچھلی کے  شکار کے لیے ڈوری:

ٹرالنگ کے ذریعےمُلا یا مُرلا کے شکار کے لیے درکار اشیاء

(Lures and Hardbaits for Emperor Fish)

Halco Laser Pro 190 DD Crazy Deep Red Head 6+
Emperor Lures Hardbait-Lures-Emperor

ملا یا مرلا مچھلی سےصحت کے فوائد

ملا یا مرلا مچھلی ، عام طور پر ، اس کے اعلی پروٹین مواد ، ضروری غذائی اجزاء ، اور اومیگا -3 فیٹی ایسڈ جیسے ممکنہ صحت کو فروغ دینے والے مرکبات کی وجہ سے اکثر غذائیت سے بھرپور غذا کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ مچھلی کے استعمال سے وابستہ کچھ ممکنہ صحت کے فوائد یہ ہیں:

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور: مچھلی کی کئی اقسام، جیسے سالمن، سرمئی اور سارڈین یا بوئی ، اومیگا 3 فیٹی ایسڈ ز کے بہترین ذرائع ہیں۔ یہ ضروری چربی ہماری بہتر صحت کے  لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ بشمول دل کی بیماری کا خطرہ کم کرنا ، دماغ کی بہتر صحت ، اور سوزش کی بیماری  سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتی ہے۔

دل کی صحت: مچھلی میں پایا جانے والا اومیگا 3 فیٹی ایسڈ ٹرائی گلیسرائڈز کو کم کرنے ، بلڈ پریشر کو کم کرنے اور مجموعی طور پر دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتا ہے۔ مچھلی کا باقاعدگی سے استعمال دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں  مددگار ثابت ہوتا ہے۔

دماغی صحت: اومیگا -3 فیٹی ایسڈ ، خاص طور پر ڈوکوساہیکسینوک ایسڈ (ڈی ایچ اے) ، دماغ کی نشوونما اور علمی افعال کے لئے اہم ہیں۔ وہ بہتر میموری ، موڈ ریگولیشن ، اورذہنی بگاڑ جیسی خرابیوں کے خطرے میں کمی  کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

پروٹین کا ذریعہ: مچھلی خالص پروٹین کے حصول  کا  ایک اعلی معیار کا ذریعہ ہے ، جو ٹشوز  یا بافت/ خلیوں  کی تعمیر اور مرمت ، پٹھوں کی قوت کو برقرار رکھنے اور مختلف جسمانی افعال کی بہتری کے لئے ضروری ہے۔

وٹامنز اور معدنیات: مچھلی کئی وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتی ہے، جن میں وٹامن D، وٹامن B12، آیوڈین اور سیلینیم شامل ہیں۔ یہ غذائی اجزاء ہڈیوں کی صحت، تھائی رائیڈ فنکشن، اور اینٹی آکسیڈنٹ دفاع میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دائمی بیماریوں کا کم خطرہ: باقاعدگی سے مچھلی کا استعمال کچھ دائمی حالات کے کم خطرے سے منسلک ہے، بشمول ٹائپ 2 ذیابیطس اور کچھ اقسام کے کینسر۔

جسمانی اور غضلاتی سوزش میں کمی: مچھلی میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز میں اینٹی انفلیمیٹری  خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں جو مختلف دائمی بیماریوں کی وجہ بنتی ہے۔

وزن برقرار رکھنے میں مدد: مچھلی ایک غذائیت سے بھرپور غذا ہے جو اپنے اعلی پروٹین مواد اور نسبتا کم کیلوری کی وجہ سے صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں کر سکتی ہے۔

 
Emperor Grilled Fish گرل فش Emperor Homemade فرائی مچھلی
Emperor, 100g of boneless Emperor, 100g of boneless
Cal: 405kJ•Carbs: 0g •Fat: 1.6g•Protein: 20.4g Cal: 382KJ •Carbs: 0.0g •Fat: 1.5g •Protein: 19.2g

مُلا یا مُرلا خاندان کی  مزیداقسام:

Ambon Emperor Bigeye Bream
Blackblotch Emperor Blacknape Large Eye Bream
Blue Lined Large Eye Bream Bluespotted Large Eye Bream
Drab Emperor Forktail Large Eye Bream
Grass Emperor Grey Large Eye Bream
Japanese Large Eye Bream. Longface Emperor
Longfin Emperor Longspine Emperor
Maldive Emperor Mozambique Large Eye Bream
Orangestriped Emperor Ornate Emperor
Pinkear Emperor Red Snout Emperor
Redfin Bream Slender Emperor
Smalltooth Emperor Spangled Emperor
Spotcheek Emperor Spotcheek Emperor
Striped Large Eye Bream Thumbprint Emperor
Trumpet Emperor Yellowfin Emperor
Yellowsnout Large Eye Bream Yellowtail Emperor
Yellowtip Emperor

Related Posts