کرامت پوائنٹ پر بڑی مچھلیوں کا شکار پٹی ڈور ۔ہینڈ لائن سے کیسے کریں؟

فش ان فشرمین انتظامیہ کی طرف سے اپنی اینگلر کمیونٹی کیلئے انتہائی عرق ریزی سے مضامین تیار کئے جاتے ہیں اور آپ احباب کی خدمت میں بغیر کسی لالچ کے پیش کئے جاتے ہیں۔ ہمارا مقصد نام و نمود حاصل کرنا ہرگز نہیں بس اولین مقصد کمیونٹی کی درست سمت میں رہنمائی کرنا ہے اب تک کافی سارے مضامین آپ پڑھ چکے ہوں گے آگے بھی مزید مضامین انشاء اللہ آئیں گے اب ہم جس مضمون کو آپ کے سامنے لا رہے ہیں وہ اپنی نوعیت کا منفرد مضمون ہوگا اور اس سے قبل اس پر کسی نے نہیں لکھا ہوگا۔ تو بات کو مزید کھینچے بغیر ہم مضمون شروع کرتے ہیں۔

کرامت پر ہینڈ لائن کا شکار

دوستو آپ میں سے تقریبا ہر کسی نے کرامت کا نام ضرور سنا ہوگا اور کافی  دوست وہاں گئے بھی ہوں گے جو لوگ گئے ہوں گے وہ جانتے ہیں کہ وہاں کی گہرائی چالیس سے پچاس وام تک ہوتی ہے لہذا وہاں عام پوائنٹس والی فشنگ یعنی باٹم کھیلنا قدرے مشکل کام ہے۔ ہم نے مچھلیوں کے طرز و رہائش اور شکار کے طور طریقوں پر انٹرنیٹ سے دستیاب معلومات کی بنیاد پر کچھ مواد اکٹھا کیا ہے یہ مواد آپ کو باٹم کے علاؤہ بھی شکار کھیلنے پر مدد دے گا۔

مضمون کی طر ف بڑھنے سے پہلے چند گذارشات ہیں جن پر عمل ضروری ہے۔

  • کرامت جانا ایک مہنگا شوق ہے ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ جو پارٹی وہاں جائے ان کے پاس فش فائنڈر(Fish Finder) لازمی ہو کیونکہ اتنی گہرائی میں کب کونسی مچھلی کا پن کتنے وام پر آجائے بغیر فش فائنڈر معلوم نہیں ہوسکتا۔
  • پانی کے کرنٹ یا بہاؤ کے حوالے سے آپ کے پاس ضرور معلومات ہونی چاہئیں پانی کا تیز کرنٹ آپ کا سارا ٹرپ برباد کر سکتا ہے آپ کرامت پر چاہے آٹھ گولیاں ہی کیوں نہ ڈال لیں آپ کی ڈور سیدھی نہیں ہوگی۔
  • جب بھی جائیں ہم مزاج لوگوں کے ساتھ جائیں اگر واٹس اپ گروپس پر چلنے والے اشتہارات کے زریعے جائیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ سب باتیں پہلے سے طے ہوں
  • بوٹ پر جگہ پر لڑائی جھگڑا عام ہوتا ہے یہ میرا پرسنل تجربہ ہے
  • اسی طرح ٹرالنگ پر بھی تلخ کلامی ہو جاتی ہے کیونکہ کمرشل ٹرپ میں بیس لوگ تک ہوتے ہیں اگر سب نے ٹرالنگ کرنی ہوگی تو یہ ایک مشکل کام ہے۔
  • کاسٹنگ جس نے کرنی ہو وہ مورے پر جا کر کرے تاکہ کسی کو نقصان نہ پہنچے۔
  • کرامت پر سب سے بہترین حکمت عملی (jigging) کرنا ہے لیکن اس کیلئے فش فائینڈر ہونا ضروری ہے تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ کتنے وام پر جھری رکھنی ہے ۔

تو دوستو اس تمہید کے بعد شروع کرتے ہیں اپنا مضمون

کرامت ایک گہرا فشنگ پوائنٹ ہے جہاں پانی کی گہرائی 40 سے 50 وام (تقریباً 220 سے 275 فٹ) تک ہوتی ہے۔ اس گہرائی میں مختلف اقسام کی بڑی مچھلیاں پائی جاتی ہیں، جن میں گھسر (Grouper)، سرمئی (Kingfish)، ٹونا (Tuna)، آبڑوس (Mahi Mahi)، مارلن یا گھوڑ(Marlin)، سیل فش یا گھوڑ (Sailfish)، صافی(Amberjack) اور گلپت (Giant Trevally) ، کند-جیرا کند(Barracuda) شامل ہیں۔ ان مچھلیوں کا شکار خاص طور پر ہینڈ لائن کے ذریعے مشکل ہو سکتا ہے، لیکن کچھ تکنیکوں کا استعمال کرکے یہ شکار کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔

کرامت پر مچھلیوں کی موجودگی اور گہرائی (وام):

گھسر: (Grouper) تہہ کے قریب 40-50 وام (220-275 فٹ) کی گہرائی میں موجود ہوتا ہے۔

سرمئی: (Kingfish) تقریباً 30-40 وام (165-220 فٹ) کی گہرائی میں پائی جاتی ہے۔

 ٹونا (Tuna): 25-35وام  (137-192 فٹ) کی گہرائی میں تیراکی کرتی ہے۔

 آبڑوس (Mahi Mahi): 20-30 وام (110-165 فٹ) کے درمیان سطح سے قریب ہوتی ہے۔

 گھوڑ (Marlin) اور سیل فش یا گھوڑ (Sailfish): یہ مچھلیاں زیادہ تر 15-25 وام (83-137 فٹ) کی گہرائی میں پائی جاتی ہیں۔

 صافی (Amberjack): یہ مچھلی 35-45 وام (192-248 فٹ) میں پائی جاتی ہے۔

 گلپت(Giant Trevally):  20-35 وام (110-192 فٹ) کے درمیان پائی جاتی ہے۔

کند-جیرا کند(Barracuda):  20-30 وام (110-165 فٹ) کے درمیان سطح سے قریب ہوتی ہے۔

ٹونا (Tuna)

سرمئی (Kingfish)

گھسر (Grouper)

گھوڑ (Marlin) سیل فش یا گھوڑ (Sailfish) آبڑوس (Mahi Mahi)

کند-جیرا کند(Barracuda)

صافی (Amberjack) گلپت(Giant Trevally) 

ہینڈ لائن سے فشنگ کی تکنیکیں:

  1. ہینڈ لائن کا انتخاب:چونکہ کرامت پر گہرائی زیادہ ہے، اس لیے 200-300 میٹر لمبی مضبوط ہینڈ لائن استعمال کریں۔ لائن کی مضبوطی تقریباً 80-100 پاؤنڈ ہونی چاہیے تاکہ بڑی اور طاقتور مچھلیوں کو نکالنے میں دشواری نہ ہو
  2. وزن کا استعمال:گہرائی میں پانی کے کرنٹس تیز ہوتے ہیں، اس لیے 300-500 گرام وزنی سنکر (Sinker) کا استعمال کریں تاکہ چارہ نیچے تک جلدی پہنچے اور تہہ میں مستحکم رہے۔ گہرے پانی میں کرنٹس کی وجہ سے کم وزن کا سنکر مؤثر نہیں ہوتا۔
  3. پودے یا پوتے کی لمبائی:گھسر، سرمئی اور صافی جیسی مچھلیوں کو پکڑنے کے لیے 2-3 فٹ لمبے پودے کا استعمال کریں۔ گھوڑ اور سیل فش یا گھوڑ جیسی مچھلیوں کو پکڑنے کے لیے 1-2 فٹ پودا استعمال کریں تاکہ چارہ سطح کے قریب رہے۔
  4. چارے کا انتخاب: گھسر (Grouper) اور صافی(Amberjack) کے لیے قدرتی چارہ جیسے میا (Squid) اور ڈیمری (Cuttlefish) استعمال کریں۔ سرمئی (Kingfish) ، ٹونا (Tuna) اور کند (Barracuda)کے لیے تارلی (Sardine) یا بانگڑا (Mackerel) بہترین چارے ہیں۔ گھوڑ(Marlin) اور سیل فش یا گھوڑ (Sailfish) کے لیے چمکدار رنگ کا مصنوعی رمپالا یا چمکدار قدرتی چارہ استعمال کریں۔ جائنٹ ٹریوالی (Giant Trevally) کے لیے چمکدار رنگ کا چارہ یا مچھلیوں کے چھوٹے حصے استعمال کریں۔
  5. ڈور کو قابو میں رکھنا:ہینڈ لائن کے ذریعے شکار کرتے وقت ڈور کو بہت آہستہ کھینچیں اور جب مچھلی کانٹے پر لگے تو ڈور کو مضبوطی سے پکڑ کر آہستہ آہستہ باہر نکالیں۔ یہ حکمت عملی بڑی مچھلیوں جیسے گھسر اور سرمئی کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہوگی۔
  6. ڈور کو اوپر نیچے حرکت دینا:گہرائی میں بڑی مچھلیاں چارے کی حرکت کودیکھتے ہیں، اس لیے ہینڈ لائن کو آہستہ آہستہ اوپر نیچے کرتے رہیں تاکہ مچھلی چارے کی طرف متوجہ ہو۔

بڑی مچھلیوں کو ہدف بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی:

گھسر اور صافی: تہہ کے قریب چارے کو چھوڑیں اور وزن کو زیادہ نہ ہلنے دیں، تاکہ یہ تہہ کے قریب ہی مستحکم رہے۔

 سرمئی، کند اور ٹونا: ان مچھلیوں کے لیے درمیانی گہرائی میں چارے کو حرکت دیں، تاکہ وہ جلدی حملہ کر سکیں۔

گھوڑ اور سیل فش: سطح کے قریب تیراکی کرنے والی یہ مچھلیاں چمکدار اور ہلتے ہوئے چارے پر حملہ کرتی ہیں، اس لیے چارے کو مسلسل حرکت میں رکھیں۔

ہم نے کیا سیکھا؟

کرامت جیسے گہرے پانی والے فشنگ پوائنٹ پر ہینڈ لائن سے شکار کرنا ایک چیلنج ہو سکتا ہے، لیکن اگر آپ صحیح حکمت عملی، مضبوط ڈور، مناسب وزن، اور درست چارے کا انتخاب کرتے ہیں تو بڑی مچھلیاں جیسے گھسر، سرمئی، ٹونا، آبڑوس، گھوڑ، سیل فش یا گھوڑ، صافی، اور گلپت کو شکار کیا جا سکتا ہے۔

لوئر ڈیمری بوئی بانگڑہ شیشی میہ

وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن کرامت ہے کہاں؟

یہ اک اہم سوال ہے۔۔۔ لیکن آپ نے گھبرا نانہیں ہے۔۔۔اس کا بھی حل موجود ہے وہ بھی اسی مضمون میں! ذیل میں ہم نے مختلف طول و عرض  یا جغرافیائی  پیمائشی طریقوں ((Degrees, Degrees :Minutes: Seconds, Degree: Minutesمیں سمندر میں ’’کرامت‘‘ کے مقام کی نشاندہی کی ہے۔ آپ ان کواورڈینینٹس سےمختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے  دست مقام پر پہنچ سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر تفصیلی معلومات موجود ہیں

Fishing Point OsmAnd Offline Maps Waypoint Google Maps

کرامت کے پوائنٹس

امید ہے آپ کو ہماری یہ کاوش پسند آئی ہوگی اور اس میں موجودمواد سے آپکی  معلومات  میں اضافہ ہوا ہوگا۔اس تحریر کے لیے میں اپنے قابل قدر دوستوں اور سینئرز کا بے حد مشکور ہوں جنکی رہنمائی اور معلومات کی بدولت یہ لکھنا ممکن ہوئی جن میں خاص طور پر  یاسر جلال بھائی، عمیر اویس بھائی، عبدالقادر، عبیدبھائی  ، سلطان سومرو ( پوائنٹس کے لیے) اور دوسرے احباب شامل ہیں  ۔امید  ہے کہ آپ کو یہ کاوش  پسندآئی ہوگی اور اسے پڑھنے کے بعد آپکی معلومات میں اضافہ ہوا ہوگا۔  اس تحریر میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اوراس سلسلے میں مفید  آراء اور مشورے کو تہہ دل سے سراہا جا ئے گا۔

  مزید معلومات اور رابطے کی لیے :

 

Related Posts